Light
Dark

عالمی کراٹے کمبیٹ کھلاڑی شاہ زیب رند کے کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے عالمی کراٹے کمبیٹ کھلاڑی شاہ زیب رند کوئٹہ پہنچ گئے۔

حال ہی میں شاہ زیب رند نے سنگاپور میں ہونے والے عالمی کراٹے کمبیٹ مقابلے میں جیت اپنے نام کی، وہ پاکستان کے پہلے کراٹے کومبیٹ ورلڈ چیمپئن بنے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی کھلاڑی شاہ زیب رند کو کوئٹہ ائیر پورٹ پر خوش آمدید کہا اور گلے سے لگایا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی شاہ زیب رند کو جیت کا تسلسل برقرار رکھنے پر مبارکباد دی، اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شاہ زیب رند سے متعلق گفتگو میں کہا کہ آپ بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں۔ آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا آپ جیسے باصلاحیت نوجوان سے ہی ملک کا روشن مستقبل وابستہ ہے

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے آپ ترقی کی روشن مثال ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، میر عاصم کرد گیلو، وزیر اعلیٰ کے مشیر سردار غلام رسول عمرانی، پارلیمانی سیکرٹری کھیل مینا مجید بلوچ، پارلیمانی سیکرٹری عبدالصمد گورگیج ، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند، سیکرٹری کھیل قمر بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات، بھی موجود تھے۔

استقبال کے وقت شاہ رند کے ہمراہ مشیر کھیل مینا مجید، صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ و دیگر میڈیا سے گفتگو کی۔

اپنی کامیابی اور جیت پر شاہ زیب رن نے کہا کہ کوئٹہ پہنچے پر بہت خوشی ہوئی، مگر اسلام آباد پہنچے پر استقبال دیکھ کر مایوسی ہوئی تھی۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہ زیب رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، میرے مدمقابل فائٹر دنیا کا سب سے بڑا فائٹر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فائٹ میں شروع میں مجھے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، میرے مدمقابل فائٹر پہلی بار مجھ سے ہارا ہے۔

بلوچستان کی مشیر کھیل مینا مجید نے کہا کہ شاہ زیب رند کا تعلق بلوچستان سے ہے جس کی ہمیں خوشی ہے، شاہ زیب رند نے بلوچستان اور پاکستان کا نام روشن کیا، شاہ زیب رند کو وسائل کی کمی کی باوجود انہوں نے کامیابی حاصل کی۔

مینا مجید کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ شاہ زیب رند کو تمام وسائل فراہم کریں گے تاکہ وہ آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ممکن کوشش کرینگے کہ شاہ زیب رند کو آئندہ فائٹنگ میں معاشی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، مینا مجید

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے بھی میڈیا سے گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ آج عوام اور آفیشلز شاہ زیب رند کو ویلکم کرنے آئے ہیں، انہوں نے ثابت کردیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ ہے۔

وہیں کراٹے فائٹر شاہ زیب رند کے والد خیر محمد نے اپنے بیٹے کے اسلام آباد میں بہتر ویلکم نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کیا۔