کراچی: سندھ پولیس کے آئی جی اور ڈی آئی جی ویسٹ زون کے احکامات پر گٹکا اور ماوا کی خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تھانہ اورنگی کی پولیس نے حالیہ کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جو غیر قانونی طور پر گٹکا اور ماوا سپلائی کر رہے تھے۔
پولیس نے علی گڑھ مارکیٹ میں چھاپہ مار کر ملزمان کے قبضے سے 150 پڑیاں گٹکا، 31 پیکٹس J.M گٹکا، 35 پیکٹس عاداب گٹکا اور نقدی برآمد کی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ابراہیم ولد سہیل صدیقی اور محبوب علی ولد نظر محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے خلاف سندھ گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے کریک ڈاؤن جاری رہیں گے تاکہ معاشرتی صحت کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
ترجمان ڈی آئی جی ویسٹ زون نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی سرگرمیوں کی اطلاع دیں تاکہ مزید سخت اقدامات کیے جا سکیں۔