Light
Dark

وزیراعظم شہباز شریف کل امریکا پہنچیں گے

وزیراعظم شہباز شریف کل امریکا پہنچیں گے اور وہ اقوامی متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں سیشن میں شرکت کریں گے جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جو گزشتہ روز لندن پہنچیں ہیں، وہ دو روز قیام کے بعد کل امریکا پہنچیں گے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں سیشن میں شرکت کریں گے۔ وزارت خارجہ نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی سیشن میں شرکت کریں گے اور 27 ستمبر کو اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی کثیر الجہتی حمایت کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم عالمی امن و سلامتی میں اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کریں گے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ مسائل بشمول فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کی اہمیت پر زور دیں گے۔
جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اس دوران چند عالمی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقاتیں کریں گے.