Light
Dark

پی ٹی آئی خاتون سینیٹر نے پاکستان ختم ہونے کی بات کردی

نجی چینل کے ایک پروگرام میں پی ٹی آئ کی سینیٹر فلک ناز کی جانب سے پاکستان کے بارے میں سخت ردعمل سامنے آنے پر انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

نجی چینل کے پروگرام میں پیپلز پارٹی حسن مرتضیٰ، ن لیگ کے سینیٹر ناصر بٹ اور پی ٹی آئی کی سینیٹر فلک ناز آئینی ترمیم کے معاملے پر اپنا اپنا نقطہ نظر پیش کررہے تھے۔

ایک موقع پر دوران گفتگو حنس مرتضیٰ نے پی ٹی آئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس ملک کو آپ نے چار سال میں تباہی کے دھانے پر کھڑا کردیا اس کو ٹھیک کرنے کے لیے کم از کم چار سال تو دیں‘۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ کہیں کہ چار سال کی تباہی کو چار ہفتوں میں ٹھیک کردیں تو ایسا ممکن نہیں ہے۔

جس پر پی ٹی آئی کی سینیٹرفلک ناز نے بات کاٹتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اور ٹائم دیا تو پاکستان ہی ختم ہوجائے گا۔

جس پر پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ یہ انشااللہ قائم رہے گا۔ اس سے قبل کہ پروگرام کی اینکر دیگر مہمانوں کو فلک ناز کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرنے کا موقع دیتی، انہوں نے فلک ناز کو براہ راست ٹوک دیا اور کہا کہ ایسی باتیں نہ کریں، پاکستان زندہ باد پاکستان پائندہ باد۔

اینکر نے سینیٹر فلک ناز سے اصرار کیا کہ وہ اپنا جملہ واپس لیں جس پر پی ٹی آئی سینیٹر نے اپنی بات کا پس منظر بیان کرنے کی کوشش بھی کی۔ اس دوران اینکر کے مسلسل اصرار پر سینیٹر فلک ناز نے اپنے جملے واپس لیے۔