Light
Dark

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ، امتحانی مراکز کے قریب موبائل فون سروس 4 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز داخلہ ٹیسٹ کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نقل کی روک تھام کے لئے بھی مختلف اقدامات کئے گئے۔

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ بارے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کے زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور، رجسٹرار خیبر میڈیکل یونیورسٹی،ایس پی سیکورٹی، ایس پی اسپشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔

امتحانی مراکز کے قریب موبائل فون ٹاورز 4 گھنٹوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی اے کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق امتحانی ہال کے اندر بھی موبائل سنگلز کی بندش کے لئے جیمرز لگایا جائے گا۔ جبکہ امتحانی مراکز کے قریب عام لوگوں کے کھڑے ہونے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہوگی۔

ٹیسٹ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ امتحانی عملے اور امیدواروں کی حفاظت کے لیے پولیس اور لیڈی پولیس تعیناتی اور حفاظتی پلان ترتیب دینے کیلئے ایس پی سیکورٹی کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

انتظامی پلان ترتیب دینے کے لئے ڈپٹی کمشنر پشاور کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ہر امتحانی ہال کے لیے الگ الگ اسسٹنٹ کمشنر کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ہیں۔

نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی ہالوں کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ پشاور کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 19 ہزار امیدوار حصہ لئے رہے ہیں جس کے لیے 6 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 22 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ اس دوران موبائل فون سروس معطل رہے گی۔