کراچی: شہر بھر میں نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کے جشن میلاد النبی ﷺ کو مذہبی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے پولیس نے جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی، جاوید عالم اوڈھو نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ ان ہدایات میں شامل ہیں کہ ربیع الاول کے مہینے کے دوران خاص سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔ نعتیہ محافل، اجتماعات اور جلوسوں کے لئے پولیس کے مستعد دستے تعینات کئے جائیں گے۔ بارہ ربیع الاول کے موقع پر اجتماع گاہوں اور جلوسوں کی گذرگاہوں پر سوئپنگ اور کلیئرنس کو قبل از وقت مکمل کیا جائے گا۔ جلوسوں اور اجتماع گاہوں پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی اور مرکزی جلوسوں اور اجتماعات کے مقامات کے اطراف میں واقع عمارتوں کا سروے کیا جائے گا۔
علمائے کرام اور معروف مذہبی شخصیات سے رابطہ برقرار رکھا جائے گا، جبکہ زونل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز اپنے کنٹرول رومز سے علاقوں کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیں گے۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں موجود رہیں گے اور پولیس کی ڈپلائمنٹ کو یقینی بنائیں گے۔ ڈی آئی جی ٹریفک شہر میں ٹریفک کی روانی کو سیکیورٹی پلان کے مطابق منظم کریں گے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن میلاد النبی ﷺ کو امن و سکون کے ساتھ منائیں اور سیکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں۔ سیکیورٹی فورسز کی تمام تر کوششیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہیں کہ اس خوشی کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔