بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پوری دنیا بالخصوص بھارتی مسلمانوں کو 12 ربیع الاول کے موقع پر مبارک باد کا پیغام دیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں نریندر مودی نے عید میلاد النبیﷺ کی مبارک باد دی۔اپنے پیغام میں نریندر مودی نے ہم آہنگی، اتحاد اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔
بھارتی وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کے یوم ولادت کے پرمسرت موقع پر، میں اپنے تمام ہم وطنوں بالخصوص اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
نریندر مودی نے لکھا کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے مساوات پر مبنی انسانی معاشرے کا عملی نمونہ پیش کیا اور صبر کے ساتھ سچائی کے راستے پر چلنے کا درس دیا۔ اس موقع پر، آئیے ہم سب ان تعلیمات کو اپنانے اور ملک کی ترقی کے لیے مسلسل کام کرنے کا عہد کریں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ہم آہنگی اور اتحاد ہمیشہ قائم رہے۔ چاروں طرف خوشیاں اور خوشحالی ہو، سب کو عید میلاد النبی ﷺ مبارک۔
واضح رہے کہ بھارت میں ربیع الاول کا چاند 4 ستمبر کو نظر آیا تھا اور بھارت میں بارہ ربیع الاول گزشتہ روز تھی۔