کراچی: ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 19 بوئنگ 777 طیاروں میں صرف 5 اڑان بھر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انجینئرز کی مبینہ عدم توجہ کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی طیارے مرمت نہ ہونے کے باعث گراؤنڈ ہیں۔
قومی ایئرلائن کے 19 بوئنگ 777 طیاروں میں سے صرف پانچ طیارے اڑان بھر رہے ہیں، اور ایئر بس 320 کے 17 طیاروں میں سے صرف 9 آپریٹ کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی مبینہ نجکاری کے باعث انجینئرنگ کا شعبہ طیاروں کی مینٹننس پر توجہ نہیں دے رہا ہے، نہ ہی پرزہ جات کی خریداری کے لیے پلاننگ کی گئی، جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن طیاروں کی عدم دستیابی یا فنی خرابی کے باعث متاثر ہو رہا ہے۔