میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہو گا، طلبہ کا تاریخ آگے بڑھانے کا مطالبہ
کراچی سمیت ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ 22 ستمبر کو لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ طالب علموں کی جانب سے داخلہ ٹیسٹ کو آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ( پی ایم ڈی سی ) نے رواں سال کے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ ملک بھر میں رواں سال ا یم ڈ ی کیٹ ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہوگا۔ کراچی میں ٹیسٹ این ای ڈی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں لیا جائے گا۔
کراچی کے 13 ہزار طالب علم ٹیسٹ دیں گے جبکہ سندھ بھر سے 38 ہزار امیدوار شریک ہوں گے۔ ملک بھر سے مجموعی طور پر رواں سال 1 لاکھ 67 ہزار 77 امیدوار ٹیسٹ دیں گے جس کی ذمے داری ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو دی گئی ہے۔
دوسری جانب طالب علموں کی جانب سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کو آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
متعدد طالب علموں کی جانب سے ٹیسٹ کو 3 سے 4 ہفتوں تک ملتوی کرنے کا کہا جارہا ہے اور سوشل میڈیا پر ڈیلے ایم ڈی کیٹ کے ٹرینڈ سے طالب علم مسلسل پوسٹ کررہے ہیں۔