Light
Dark

الیکشن ملتوی ہونے اور فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کو پورٹ اتھارٹی میں ضم کرنے کے خلاف ماہی گیروں کا احتجاج

کراچی، 16 ستمبر 2024: فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے ماہی گیروں نے الیکشن ملتوی ہونے اور سوسائٹی کو پورٹ اتھارٹی میں ضم کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ ماہی گیروں نے چیئرمین فشرمینز کوآپریٹو سیکرٹریٹ کے باہر علامتی احتجاج جاری رکھا اور جمعہ تک الیکشن کرانے کا الٹی میٹم دیا ہے۔

ماہی گیروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جمعہ تک الیکشن نہیں کرائے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔ احتجاجی مہم کے پہلے مرحلے میں کراچی پریس کلب اور آئی سی آئی پل پر دھرنا دیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں لانچوں کی آمدورفت کے چینل کو بند کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کو پورٹ اتھارٹی میں ضم کرنے کا فیصلہ قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے ماہی گیروں کے فلاح و بہبود کے انتظامی امور اور فیصلوں میں مداخلت کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاکٹر یوسف، صدر فشرمینز یونین نے اس معاملے میں انتظامیہ سے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔