کشتی کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے مزید 8 تارکین وطن سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش میں مزید آٹھ تارکین وطن سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے ہیں، ان تارکین وطن کی چھوٹی اور غیر محفوظ بھری ہوئی کشتی اتوار کی صبح سمندر میں الٹ گئی۔
اس حوالے سے فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب فرانسیسی ریسکیو سروسز کو ایک کشتی کے سمندر میں پھنسے ہونے کی اطلاع ملی، کشتی میں سوار افراد میں سے 53 تارکین وطن کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ کشتی میں ایریٹیریا، شام، سوڈان اور ایران سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے۔
برطانیہ میں داخلے کی کوشش پر 12 افراد جان سے گئے
اس سے قبل 4 ستمبر کو برطانیہ میں داخلے کی کوشش پر 12 افراد سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے فرانسیسی حکام نے بتایا کہ انگلش چینل میں تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم بارہ افراد ہلاک ہوگئے۔
کشتی ڈوبنے سے ہلاک ہونے والوں میں 6 بچے اور حاملہ خاتون بھی شامل ہے، کشتی پر سوار افراد فرانس سے برطانیہ داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، فرانسیسی کوسٹ گارڈز نے کشتی حادثے میں 50 افراد کی جان بچائی۔