احسن آباد میں چار ڈاکوؤں نے ایمبرائڈری فیکٹری میں گھسنے کی کوشش کی، لیکن چوکیدار نے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں نے چوکیدار کو گولی مار دی۔
پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے ملزمان کا پیچھا شروع کیا۔ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ تین ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
گرفتار ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ لیاری 36 سے ڈکیتی کے لیے پہنچے تھے کیونکہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ آج ایمبرائڈری فیکٹری میں تنخواہ تقسیم ہونے والی ہے۔ تاہم، جب وہ وہاں پہنچے تو چوکیدار نے انہیں اندر جانے نہیں دیا۔
گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ، چوہدری سہیل فیض کے مطابق تفتیش کا عمل مکمل ہونے پر مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔