ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ہاکی ٹیم آج روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی۔
قومی ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت کو آج سرپرائز دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہمارے کھلاڑی کسی بھی وقت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
طاہر زمان نے کہا کہ دو میچ ڈرا کرنے کے بعد ٹیم ردھم میں آگئی ہے، ہمارے کھلاڑی غلطیوں سے جلد سیکھ رہے ہیں، روایتی حریف کیخلاف جیت کے لیے بھی پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ بھارت اچھی ہاکی کھیل رہا ہے اور ہم رینکنگ میں ان سے پیچھے ہیں لیکن اس کو مدنظر رکھتے ہوئے کوشش کریں گے بھارت کے لیے مشکلات پیدا کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں، قومی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔
دو روز قبل پاکستان نے جاپان کے بعد چین کو 5 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا، دوسرے کوارٹر میں عبدالرحمان نے گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کو برتری دلائی تھی۔
تیسرے کوارٹر میں احمد ندیم نے برتری دگنی کردی تھی، چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان نے تیسرا گول کیا تھا جس کے بعد چین نے بھی خسارہ کم کردیا لیکن حریف ٹیم میچ نہ بچاسکی تھی۔
پاکستان نے میچ میں مزید دو گول اسکور کیے تھے اور 5-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔