نادرا کی جانب سے سندھ میں اینٹوں کے بھٹوں کے مزدوروں کے لیے 16 ستمبر سے خصوصی اندراج مہم کا آغاز
کراچی، 12 ستمبر: – نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) عمرکوٹ اور زیریں سندھ کے دیگر اضلاع میں اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کی رجسٹریشن کے لیے 16 ستمبر سے 20 ستمبر تک خصوصی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ یہ مزدور، جن میں سے بہت سے ابھی تک غیر رجسٹرڈ ہیں، اپنے قومی شناختی کارڈ حاصل کر سکیں اور بنیادی حقوق اور سماجی تحفظ کے فوائد تک رسائی حاصل کر سکیں۔
یہ بات سندھ ہیومن رائٹس کمیشن (ایس ایچ آر سی) کے چیئرمین مسٹر اقبال ڈیتھو نے سندھ میں جبری مشقت اور بھٹہ مزدوروں کے حقوق پر ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقامی ہوٹل میں جمعرات کو منعقدہ اس تقریب کا اہتمام سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (اسپارک), ایس ایچ آر سی اور آغا خان یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
مسٹر اقبال ٹیتھو نے کہا کہ “نادرا میں رجسٹریشن اینٹوں کے بھٹوں کے مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو سماجی تحفظ، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم سمیت ضروری سہولیات اور فوائد تک رسائی کو یقینی بنانے کی سمت پہلا اہم قدم ہے۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ سرکاری دستاویزات کی عدم موجودگی اکثر ان کمزورطبقے کے مزدوروں کو استحصال کا شکار بنا دیتی ہے اور شہری ہونے کے ناطے ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیتی ہے۔
اپنے خطاب میں، مسٹر ڈیتھو نے مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے میں سندھ ہیومین رائیٹس کمیشن کے کردار کو ایک پل قرار دیا جو سول سوسائٹی اور حکومت کے درمیان موجود ہے۔ انہوں نے قانون سازی کا جائزہ لینے، خامیوں کی نشاندہی کرنے، اور خاص طور پر جبری مشقت میں پھنسے ہوئے مزدوروں کے تحفظ کے قوانین میں بہتری کے لیے سفارشات پیش کرنے کے لیے کمیشن کے عزم کا عیادہ کیا۔
مشاورت میں ہونے والی گفتگو کا مرکز سندھ جبری مشقت (نظام) کے خاتمے کے لیے 2015 کے قانون، اس کے نفاذ میں چیلنجز اور جبری مشقت کے شکار مزدوروں کی بحالی کے لیے مضبوط طریقہ کار کی ضرورت کے گرد گھومتا رہا۔ اینٹوں کے بھٹوں کی صنعت میں رائج قرض کے بندھن کا ایک نظام “پیشگی” کی رسم کو ایک اہم شعبہ کے طور پر شناخت کیا گیا جس پر مزید تحقیق اور قانون سازی کی ضرورت ہے۔
مسٹر ڈیتھو نے انکشاف کیا کہ کمیشن جبری مشقت کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے تفصیلی سفارشات مرتب کر رہا ہے، جس میں موجودہ قوانین پر عمل درآمد کو مضبوط بنانا، مزدوروں کے لیے قانونی امداد تک رسائی کو بہتر بنانا اور آجروں اور مزدوروں دونوں میں مزدوروں کے حقوق کے بارے میں آگاہی بڑھانا شامل ہے۔ انہوں نے محکمہ لیبر کی جانب سے گھریلو چائلڈ لیبر سے متعلق ایک قانون متعارف کرانے کے لیے جاری کوششوں کا بھی ذکر کیا جو کہ کمزور طبقوں کے بچوں کے تحفظ کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہے۔
سندھ میں جبری مشقت پر آغا خان یونیورسٹی کی تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر ظفر فاطمی نے کہا کہ تحقیق سے سندھ میں اینٹوں کے بھٹوں کے مزدوروں کی غیر محفوظ صورتحال کا انکشاف ہوا ہے جس میں استحصال، قرض کے بندھن اور صحت کے خطرات کے لیے ان کی انتہائی کمزوری کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ظفر فاطمی نے کہا کہ “ہماری تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ 90 فیصد اینٹوں کے بھٹوں کے مزدور اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے قرضے (پیشگی) لینے پر مجبور ہیں جو انہیں قرض کے ایک چکر میں پھنسا دیتے ہیں۔” انہوں نے کہا، “2022 کے تباہ کن سیلابوں نے ان کی حالت زار کو مزید بڑھا دیا کیونکہ کئی ماہ تک کام معطل رہا جس سے ان کی پہلے سے ہی کم آمدنی بری طرح متاثر ہوئی۔”
مطالعہ سے پتہ چلا ہے کہ سندھ میں اینٹوں کے بھٹوں کا شعبہ بڑی حد تک غیر منظم ہے، کام بنیادی طور پر سخت حالات میں دستی طور پر کیا جاتا ہے۔ مزدور، جو بڑی حد تک بے زمین اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھتے ہیں، اکثر ناقص رہائش گاہوں میں رہتے ہیں جہاں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے اور صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات تک محدود رسائی ہے۔
مسٹر میانداد راہوجو، کمشنر سیسی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اسلامی نقطہ نظر کو اجاگر کیا جس میں جبری مشقت کی سختی سے مذمت کی گئی ہے۔ انہوں نے مزدوروں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا جس میں باضابطہ کام کے معاہدے، کم از کم اجرت کے معیارات اور سیسی کارڈ، بے نظیر مزدور کارڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے سرکاری امدادی پروگراموں تک بہتر رسائی شامل ہے۔
فیصل اقبال نے آئی ایل او کی جانب سے سندھ کے محکمہ لیبر کو تعاون اور رہنمائی فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور جبری مشقت پر جامع ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں جبری مشقت کے بارے میں کوئی سرکاری اعداد و شمار موجود نہیں ہیں، لیکن اندازے کے مطابق دنیا کی کل جبری مشقت کا 10 فیصد پاکستان میں ہے جو کہ ایک تشویشناک تعداد ہے۔
محکمہ انسانی حقوق، حکومت سندھ کی سیکرٹری محترمہ تحسین فاطمہ نے سندھ میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے محکمے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اسپارک کی تحقیق کی تعریف کی اور کہا کہ اس میں بہت زیادہ قیمتی ڈیٹا موجود ہے جو محکمے کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے۔
اسپارک کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، آسیہ عارف نے زور دے کر کہا کہ مشاورت کا بنیادی مقصد جبری مزدوروں اور اینٹوں کے بھٹوں کے مزدوروں سے متعلق موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا ہوگا، اور وہاں سے، ان کی مدد کے لیے انتہائی موثر طریقے تلاش کیے جائیں گے۔
اسپارک، حیدرآباد کے صوبائی منیجر، زاھد تھیبو نے سندھ جبری مشقت نظام (خاتمہ) ایکٹ 2015 کے موثر نفاذ میں رکاوٹ بننے والے اہم لوں کی نشاندہی کرنے پر مشاورت کے مرکز کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایک اہم ترجیح جبری مزدوروں کی بحالی سے متعلق پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی حل تلاش کرنا تھا، جس سے انہیں اپنی زندگیوں کی تعمیر نو اور اپنے بنیادی حقوق تک رسائی حاصل ہو سکے۔
نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن (این ٹی یو ایف) کے سیکرٹری جنرل، ناصر منصور نے افسوس کا اظہار کیا کہ مزدور قوانین پر عمل درآمد کا فقدان ہے جس کی وجہ سے مزدوروں کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے اور زیادہ تر صنعتی اور تجارتی ادارے کم از کم اجرت پر عمل درآمد نہیں کر رہے ہیں۔
دیگر شرکاء نے مقامی سطح پر جبری مشقت کے مسئلے کو موثر طریقے سے حل کرنے کے لیے مقامی نگرانی کمیٹیوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔