جمعرات 3 اپریل 2025ء
Light
Dark

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بدین ماڈل پولیس اسٹیشن کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بدین ماڈل پولیس اسٹیشن کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ جات کے بجٹ میں مذید اضافہ ذیر غور ہے جبکہ پولیس موبائلز کی فراہمی بھی تھانوں کو کی جائیگی اور اس ضمن میں حکومت سندھ کی پولیس کو بھرپور سپورٹ اور تائید انتہائی مسرت اور اطمینان کا باعث ہے۔

انہوں نے ماڈل پولیس اسٹیشن بدین کا وزٹ کرتے ہوئے ایس ایچ او اور ڈیوٹی افسر تھانہ بدین سے ملاقات کرتے ہوئے ضروری امور اقدامات سے متعلق آگاہی لیتے ہوئے ایس ایس پی بدین سے کہا کہ تھانے پر موجود ڈیوٹی افسر کو بااختیار ہونا چاہیئے تاکہ تھانہ جات سے رجوع کرنیوالے شہریوں کو درپیش مختلف نوعیت کی شکایات کا فوری اور بروقت اذالہ ممکن بنایا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ شکایت اگر قابل دست اندازی پولیس جرم ہے تو ایسی صورت میں تھانہ ڈیوٹی آفیسر ایف آئی آر کے اندراج میں ہر گز تاخیر نہ کرے۔

اس موقع پر ایس ایس پی بدین نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ تھانے کی چار دیواری اور ایس ایچ او کے دفتر کا تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ اور تھانے کی تزئین و آرائش کے حوالے سے مذید کام بھی جاری ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پولیس کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں۔انہوں نے بدین میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور مذید احکامات بھی دیئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹ سمیت ایس ایس پی بدین ودیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

قبل اذیں آئی جی سندہ غلام نبی میمن کی پولیس ہیڈکوارٹر بدین آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔بعد اذاں آئی جی سندہ نے پولیس ہیڈ کوارٹر بدین میں قائم یادگار شہداء پر پھول چڑھائے،دعا اور فاتحہ خوانی کی۔

آئی جی سندہ غلام نے پولیس ہسپتال بدین کا بھی دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں دی جانیوالی طبی سہولیات کا معائنہ کیا اس موقع پر ڈاکٹر عبداللہ مغل نے اسپتال اور اس کے جملہ شعبوں میں جاری طبی سرگرمیوں اور سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

آئی جی پی سندہ نے کہا کہ اسپتال میں فرنیچر و دیگر درکار ضروری سامان و آلات کی فراہمی کے حوالے سے جامع سفارشات برائے ملاحظہ و منظوری ارسال کی جائے۔