Light
Dark

جانی لیور نے پاکستان کے شہر لاہور اور کراچی کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

ممبئی: معروف بالی وڈ اداکار و کامیڈین جانی لیور نے پاکستان کے شہر لاہور اور کراچی کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
جانی لیور کسی لیجنڈ سے کم نہیں کیونکہ انہوں نے جو کام کیا اسے پوری دنیا میں لاکھوں لوگ پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے بالی وڈ کے تقریباً تمام بڑے ستاروں کے ساتھ کام کیا اور اپنے کیریئر میں سینکڑوں فلموں کا حصہ رہے۔
پاکستان کے ایک نجی نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں جانی لیور نے پاکستانی فنکاروں کیلیے اپنی محبت کا اظہار کیا اور ان کے کام کی خوب تعریف کی۔
جانی لیور نے گفتگو میں بتایا کہ وہ کراچی میں عمر شریف کی فیملی سے ملنے جانا چاہتے ہیں اور مرحوم کامیڈین کے بیٹے سے رابطے میں بھی ہیں۔
انہوں نے معین اختر کے بارے میں کہا کہ وہ بڑا ٹیلنٹ تھے۔ اداکار و کامیڈین نے بتایا کہ وہ کامیڈین امان اللہ خان کو بہت پسند کرتے ہیں، انہوں نے اسٹینڈ اپ کامیڈی کے شعبے میں بہت کام کیا۔
ایک سوال کے جواب میں جانی لیور نے بتایا کہ مجھے امان اللہ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں ملا، وہ جب انڈیا آئے تھے تو میرے گھر بھی تشریف لائے تھے۔
گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کا کبھی لاہور جانے کا دل کرتا ہے؟ جواب میں جانی لیور نے بتایا کہ میرا بہت دل کرتا ہے اور میں ضرور آؤں گا، مجھے لاہور اور کراچی جانا ہے۔
بھارتی اداکار و کامیڈین نے پاکستانی مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محبت کے بدلے میں میرے پاس شکریہ کے الفاظ نہیں ہیں۔