Light
Dark

بجلی کے مہنگے بلوں کے ستائے عوام کے لیے خوشخبری آگئی۔

اسلام آباد: بجلی کے مہنگے بلوں کے ستائے عوام کے لیے خوشخبری آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر دوسری پاور کمپنی بھی ٹیرف کم کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہے۔
لبرٹی پاور کے بعد گل احمد ونڈ پاور نے بھی قیمتوں میں کمی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
۔گل احمد انرجی کے چیئرمین دانش اقبال نے کہا کہ بحیثیت پروڈیوسر ملکی مفاد میں بہتری کے لیےکوشاں  ہیں، توانائی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ونڈ اور سولر پلانٹ کے ذریعے بجلی بنائی جائے گی تو ٹیرف بہت کم ہوجائے گا۔
دانش اقبال نے کہا کہ ملک میں بجلی کی طلب زیادہ اور پیداوار کم ہے، ہمیں بیرونی سرمایہ کاروں کو لاکرسستی  بجلی بنانے کی  کوشش کرنی ہے اور ان سے بات چیت کرکے کوئی راستہ نکالنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی کے بلوں کا مسئلہ سنگین صورت حال اختیار کرتا جارہا ہے، حالیہ برسوں میں بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
بجلی کے بلوں میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں جن میں سے ایک بڑی وجہ ملک میں بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں یا انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کا کردار ہے۔
 آئی پی پیز پر تنقید کی جارہی ہے کیونکہ ان کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدے مہنگے ثابت ہو رہے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت حکومت کو بجلی کی پیداوار کے لیے آئی پی پیز کو بھاری ادائیگیاں کرنی پڑتی ہیں، جس کا بوجھ بالآخر عوام پر پڑتا ہے
علاوہ ازیں ملک میں بجلی کی پیداوار کی صلاحیت طلب سے زیادہ ہونے کے باوجود، بجلی کی قیمتیں کم نہیں ہو رہیں جو کہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔