جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو اور نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 59واں یوم شہادت آج 12ستمبر بروز جمعرات منایا جارہا ہے۔
پاکستانی قوم ارض پاک کے اس عظیم سپوت کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ میجر راجا عزیز بھٹی نے لاہور پر بھارت کے حملے کو پسپا کیا تھا۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے12ستمبر65ء کو پاک بھارت جنگ کے دوران لاہور کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا انہیں پاکستان کی مسلح افواج کے سب سے بڑے اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ میجر راجا عزیز بھٹی کی بہادری وطن کے دفاع کے عزم کو تقویت دیتی ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عزیزبھٹی نے1965کی جنگ میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے جان کا نذرانہ دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجرعزیز بھٹی کی فرض شناسی، عزم متزلزل و قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہید کی داستان شجاعت آئندہ نسلوں کیلئے بہادری کی مثال اور ترغیب ہے۔
مسلح افواج میجر عزیز بھٹی شہید کو سلام پیش کرتی ہیں، شہدا کے خاندانوں کی ہمت اور برداشت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔