اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے قبل دارالحکومت کی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تمام داخلی و خارجی راستے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ 12 بجے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر ددیے جائیں گے جبکہ ضلع بھر میں رات گئے مقامی کارکنان اور قیادت کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تمام تھانوں میں الرٹ اور گشت بڑھا دی گئی، موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی آج سنگجانی کے مقام پر پاور شو کرے گی جس کیلیے تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے جبکہ پنڈال کیلیے 20 ہزار کرسیاں منگوائی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی کو سنگجانی میں جلسے کیلیے این او سی جاری کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
عمر ایوب، اسد قیصر اور عامر ڈوگر نے انتظامیہ پر رکاوٹیں ڈالنے کا الزام لگایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے واضح کیا کہ ہم صرف جلسہ کر کے چلے جائیں گے لانگ مارچ یا دھرنا نہیں ہوگا۔
دوسری جانب، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم حقیقی آزادی لے کر دم لیں گے۔