Light
Dark

بجلی کے بلوں میں دو ماہ کا ریلیف

وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں 2 ماہ کے ریلیف کے بجائے جامع پلان کی طرف جارہے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف مستقل پلان ہے جس سے لوگوں کو فائدہ ہو، پروگرام کے تحت 2 لاکھ سولر پینل تقسیم ہورہے ہیں، 5 لاکھ سولر پینل تقسیم کی اسکیم ایک ماہ بعد شروع ہوجائے گی۔
ناصر شاہ حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ 300 سے زائد یونٹ والوں کو بھی سولر پینل کی فراہمی کی اسکیم بنارہے ہیں۔
خیال رہے کہ کچھ دنوں قبل کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کو سندھ کی عوام و تاجر برادری کی بقا کیلئے اشد ضروری قرار دیا گیا تھا۔
جاری اعلامیے میں کراچی چیمبر آف کامرس کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام بھی بجلی کے زائد بلوں سے بہت پریشان ہیں، سندھ کی عوام اور تاجر برادری کیلئے موجودہ نرخوں پر بل بھرنا ناممکن ہے۔
کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو بھی بجلی کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جائے، وفاق پنجاب کی طرح سندھ کو بھی بجلی بلوں میں فوری ریلیف کا اعلان کرے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کیلیے فی یونٹ 14 روپے ریلیف کا اعلان کیا تھا تاہم ماہانہ 200 یونٹ والے صارفین کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ریلیف سے محض چند فیصد صارفین ہی مستفید ہو سکیں گے، ملک میں صرف 14 فیصد صارفین ماہانہ 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرتے ہیں۔
پنبجاب کی صوبائی حکومت نے 14 روپے ریلیف ماہانہ 201 سے 500 یونٹ پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیرف میں ریلیف کا اطلاق اگست اور ستمبر 2024 کے بلوں میں ہوگا، بشمول ٹیکسز و ڈیوٹیز پنجاب حکومت فی یونٹ بجلی پر 14 روپے ریلیف دے گی۔
وفاق نے پہلے ہی 3 ماہ کیلیے ماہانہ 200 یونٹ تک ٹیرف میں اضافے سے استثنیٰ دے رکھا ہے، جولائی تا ستمبر کیلیے وفاقی حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک کے ٹیرف پر ریلیف دیا ہے۔