Light
Dark

عالیہ حمزہ کی سائبر دہشت گردی کے مقدمے میں 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کی سائبر دہشت گردی کے مقدمے میں 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی جبکہ عدالت نے تحقیقاتی اداروں کو مزید کارروائی کے لیے قانونی دائرہ کار میں رہنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنما اپنے سسر جمیل ملک اور وکیل اشتیاق اے خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

عالیہ حمزہ کے وکیل نے بتایا کہ پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں، متعدد درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ عالیہ حمزہ کے خلاف ایف آئی اے میں سائبر دہشت گردی الزامات کے تحت اسلام آباد میں صرف ایک مقدمہ درج ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عالیہ حمزہ نے اس مقدمے میں عبوری ضمانت حاصل کی ہے؟ جس پر عالیہ حمزہ کے وکیل نے بتایا کہ سائبر کرائم مقدمہ کی بابت کوئی اطلاع نہیں تھی یہ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے عالیہ حمزہ کی سائبر دہشت گردی کے مقدمے میں 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے تحقیقاتی اداروں کو مزید کارروائی کے لیے قانونی دائرہ کار میں رہنے کا حکم بھی دے دیا۔

واضح رہے کہ عالیہ حمزہ کے شوہر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اہلیہ پر پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہی،عدالت عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔