لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے کیس میں سی پی او راولپنڈی کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سماعت کی۔
وزارت دفاع نے محمد اکرم سے متعلق اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے کہا ہے کہ محمد اکرم وزارت دفاع کے ماتحت کسی ادارے کی تحویل میں نہیں، ان سے متعلق انٹیلی جنس ایجنسیز سے بھی معلومات حاصل کی گئیں، وزارت دفاع کی حد تک محمد اکرم سے متعلق درخواست نمٹائی جائے۔
وکیل ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ محمد اکرم 14 اگست سے لاپتہ ہیں، پولیس اور کوئی ادارہ معلومات فراہم نہیں کر رہا، ہمیں شک ہے کہ وہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تحویل میں ہیں۔