کراچی سمیت لاہور، اسلام آباد ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج رات سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔
کراچی
کراچی میں اس وقت سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں، شہر میں صبح سویرے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج رات سے کراچی میں شدید بارشوں کا امکان ہے، شہر میں بارش کا سلسلہ آئندہ 3 سے 4 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 28 اگست کے بعد مون سون سسٹم میں مزید شدت آنے کا امکان ہے اور اس دوران 150 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق گزشتہ رات گلشن حدید میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ناظم آباد میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی اور شمالی علاقوں میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے، بارش برسانے والا سسٹم بھارتی گجرات سے آرہا ہے، کراچی میں 31 اگست تک موسلادھاربارش متوقع ہے، تیزہواؤں سے کمزور چھتیں اور دیواریں گرسکتی ہیں، بل بورڈز، بجلی کے کھمبے اور سولر پینلز خطرناک ہیں۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں غیرضروری طور پر نہ جانے کا مشورہ دے دیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
سندھ
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، شہید بینظیر آباد، جامشورو، سکھر، گھوٹکی میں بارش کا امکان ہے جبکہ شکارپور، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ،جیکب آباد ، دادو اور نوشہروفیروز میں بارش کی