Light
Dark

یو یو ہنی سنگھ……ایک لیجنڈری گلوکار

بالی ووڈ کی دنیا میں موسیقی کے سر تال سب سے زیادہ راج کرتے ہیں اور ایک سے بڑھ کر ایک لیجنڈری شخصیت اپنی بازیگری سے سحر طاری کرنے آسمان ِ موسیقی پر طلوع ہوتی رہتی ہے۔سن دوہزار کی دہائی میں اسی عظیم میوزک انڈسٹری میں تہلکہ اوراپنے فن کا غلغلہ مچانے ایک لیجنڈری گلوکارنے جنم لیا۔

یو یو ہنی سنگھ، راگ کا استاد،موسیقی کے فرہنگ وآہنگ کا غالب مائیک ہاتھ میں لئے اپنے سامعین وناظرین پر جادوکرنے کے لئے جب اسٹیج پر آتا توعوام پر سحر طاری کر دیاکرتا۔اس سنہری آواز کی دریافت موسیقی کے ذوق وشوق اور پھر جنون کے ہاتھوں ہوئی جس کا نام ہے یویو ہنی سنگھ۔ایک ایسی آواز جسے موسیقی کے ناخداؤں نے سنہری امرت کا نام دیا جسے قدرت کی طرف سے سرتال کا تحفہ عطا ہوااور اس کی خوبی ء تقدیر پر مہر لگ گئی۔

یویو ہنی سنگھ ریپ کنگ کا عروج اپنے ڈیبیو کے ساتھ ہی آغاز ہوگیا تھا،، ہنی سنگھ کے گانوں نے پوری دنیا میں طوفان برپا کر رکھا تھا۔اس کے پرستاراس کی دھڑکنوں سے نکلنے والی دھنوں سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ پاتے،اس کے فینز عقیدت مندوں کی فوج کی طرح تھے جواس کی ہراسٹیج پرفارمنس پراس کے نام ہنی سنگھ کی گردان کرتے ہوئے نعرہ ہائے داد وتحسین بلند کیا کرتے۔ایک ایک کر کے ہنی سنگھ کے گانے برصغیر کے میوزک چارٹ میں ٹاپ موسٹ کی پوزیشن پر ہی رہا کرتے یہ اس کے فن کا جیتا جاگتا ثبوت تھا۔

”لنگی ڈانس” سے لے کر ”دیسی کلاکار” تک، اس کی دھنیں جیسے بھارت کا قومی ترانہ بن گئیں تھیں، خوشی کا جادوسر چڑھ کر بول رہا تھا۔پھر جیسے جیسے دن گزرتے گئے ہنی سنگھ کی افسانوی شہرت دوردراز کے دیسوں میں پھیلتی چلی گئی اور ہر نسل کو متاثر کرتی رہی۔پھر اس کے دورِ عروج میں ایک وہ وقت بھی آیا جسے کہتے ہیں ہرکمال را زوال،لیکن یہ اس کے فن کا زوال نہیں تھا،وہ بیمار ہوگیا تھا سخت محنت اور نیند کی بے تحاشاکمی نے اس کی صحت پر اثر ڈالا اور وہ ایک بیماری Mood disorder کا شکار ہوگیا۔اس کے گیت illusionsبن گئے، وہ دلوں میں رہنے والاایک دم دھڑام سے زمین پر آگرا۔

کئی سالوں تک اس نے بیماری کا دکھ سہا اور پھر تندرست ہوگیا،اس کے فینز اور ماں باپ اور بہن کی دعائیں اور بھرپو رعلاج نے اس کو یکجا و یکجان کیا۔آج ہم خوش قسمت ہیں کہ یو یو ہنی سنگھ کے عروج کو دوبارہ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔

ان کی آواز کا جادو، ہمیشہ کے لیے ان کے مداحوں کے دلوں میں نقش ہے ہمیشہ زندہ رہنے کے لئے، راگ اور راگنیوں کی چمکتی ہوئی روشنی کے درمیان۔اور دوہزار چوبیس کے گزرتے سال میں تو اس عظیم ہندوستانی ریپر اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے اپنے آنے والے البم ”گلوری” میں پاکستان کے معروف لوک گلوکار وہاب بگٹی اور گلوکارہ صاحب کے ساتھ پرفارم کیا ہے۔

ٹی سیریز کے لیبل کے تحت 26 اگست کو ریلیز ہونے والی البم میں دنیا بھر کے فنکاروں کی روایتی اور عصری موسیقی کا ایک خوبصورت و دلچسپ امتزاج پیش کیاگیا ہے جوہنی سنگھ کے ہندوستان اور پاکستان دونوں ملکوں میں موجود مداحوں کے لئے نہایت دل خوش کن خبر ہے۔ہنی سنگھ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ”گلوری” کے لیے ٹریک لسٹ کا انکشاف کیا ہے۔ یہ البم 18 ٹریکس پر مشتمل ہے، جن میں سے ہر ایک میں مشہور پاکستانی لوک موسیقاروں سمیت مختلف بین الاقوامی فنکاروں کے ساتھ پرفارمنس کو دکھایا گیا ہے۔