Light
Dark

کرسٹیانو رونالڈو……قصہ ایک جادوگرکے اسٹارڈم کا

ایک ایسی دنیا جہاں فٹ بال صرف ایک کھیل نہیں بلکہ عزت و ذلت کا میزان ہے، جہاں اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی زندگیا ں اس وقت خطرے میں پڑ جاتی ہیں جب ان کی پسندیدہ ٹیم جادو اثر پرفارمنس دے جاتی ہے اور مخالف ٹیم پر بھاری پڑ جاتی ہے۔ بیسویں صدی میں پیلے کا نام بحیثیت جادوگر فٹبالر کے لیا جاتاتھا۔کہاگیا تھا پیلے جیسا فٹبالردوبارہ جنم نہیں لے گااور واقعتاطویل عرصے تک ایسا ہی رہا،پھر بیسویں صدی کے آخرین دنیائے فٹبال میں کچھ اور عظیم فٹبالر ز سامنے آئے،ارجنٹائن کے ڈائیگو میرا ڈونا عظیم فٹبالر جو فٹبال کی کلا کو اپنے رگ وپے میں اتار چکے تھے نے اہل ِ عالم کو سحر انگیز حد تک مسحور کئے رکھا۔

اور پھر کئی دوسرے فٹبالرز بھی جلوہ ہائے رنگ دکھانے جلوہ افروز ہوئے۔ پھر وہ جوکہا ہے شاعر ِ مشرق نے “ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پر روتی ہے ……بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا”،توفطرت کے اسی اصول کے عین مطابق سن دوہزارکی دہائی میں پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو ایک افسانوی شخصیت کے طور پر ابھرے۔ ان کے پاؤں صبا رفتار اورفن ومہارت قدرت کے ودیعت کردہ تھے،بڑے عظیم فٹبالر زبھی بے ساختہ کہہ اٹھے کہ یہ عطائے قدرت ہے،رونالڈو کو نوازا گیا ہے۔

رونالڈوپرتگال کی گلی کوچوں کی دریافت تھے لیکن فٹبال پر حیرت انگیز دسترس اور جادو اثر اسٹروکس نے پوری دنیا کو ان کے لئے گلی کوچے بنا کر رکھ دیا۔ان کے سبک رو پاؤں کے نیچے دنیا کی ساری چمک دمک تھی۔ میدان میں اترنے کے بعدرونالڈو کی صلاحیتیں جیسے پر لگا کر اڑنے لگتیں وہ ہمیشہ ہی مرد ِ میدان رہتا،ہیرو…… ایک بے مثال ہیرو۔ایک عظیم ساکر پلیئر۔اس نے ہمیشہ آسانی کے ساتھ گول کیے جیسے اس کے مقابل کھلا میدان ہو کوئی مخالف کھلاڑی موجود ہی نہ ہو۔ اس کے شاٹس جادو کی تاثیر رکھتے۔ مخالف ٹیمیں اس کے سامنے کانپ اٹھا کرتیں، اس کے جادوئی قدموں کے مقابلے میں ان کا مضبوط دفاع ہمیشہ ہی ناکافی ثابت ہوتا۔ اس کی فری ککس کس طرح گول کے اندر داخل ہوتیں گول کیپر حیران پریشان دیکھتے رہ جاتے۔

جیسے جیسے رونالڈو کا کیریئرآگے سفر کرتاگیا اس کی لیجنڈری اہمیت بڑھتی گئی۔ وہ ایک عالمی ہیرو بن چکا تھا، اس کا نام فٹ بال کی تاریخ میں سنہری حرفوں سے لکھا جارہاتھا۔وہ آج اور کل آنے والی نسلوں کے لیے روشن مینار کی حیثیت میں زندہ وتابندہ رہے گا۔

آپ رونالڈو کے اسٹارڈم سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ جب اگست دوہزار چوبیس میں رونالڈو نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کر دیاتو دنیا میں ایک غلغلہ مچ گیا۔39 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے یوٹیوب چینل کا نام UR · Cristiano رکھا ہے جسے صرف ڈیڑھ گھنٹے میں 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے سبسکرائب کیا اور یوں کرسٹیانو رونالڈو کا یوٹیوب چینل دنیا میں سب سے کم وقت میں ایک ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے والا چینل بن گیا ہے۔

آگے چلئے چند گھنٹوں میں 50 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز رونالڈو کے چینل کو فالو کر چکے ہیں اور ریکارڈ وقت میں سبسکرائبرز کی یہ تعداد حاصل کرکے رونالڈو نے ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کردی ہے۔اس چینل میں عظیم ساکر پلیئر کرسٹیانو رونالڈوخود اپنے مداحوں سے مخاطب ہوں گے اور اس فانی دنیا میں اپنے لافانی فن کی یاددہانی کے لئے فٹ بال کے کھیل کو دائرہ در دائرہ بیان کرتے رہیں گے اور اپنے کروڑ ہا کروڑ مداحوں سے خراجِ تحسین وصول کرتے رہیں گے۔