محکمہ موسمیات نے 2 روز ملک کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی، این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا جبکہ کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 سے 29 اگست کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، بنگال سے ہواؤں کا سلسلہ پاکستان کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوگا، 25 سے 29 اگست کے دوران کراچی ٹھٹھہ بدین ، سندھ کے دیگر مقامات پر معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔
بلوچستان میں 26 سے 30 اگست کے دوران قلات، لسبیلہ، بارکھان، جعفر آباد، ژوب، کوئٹہ، زیارت و دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارشیں بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اگست سے 28 اگست کے دوران مری، بالائی پنجاب، گلیات اور اسلام آباد میں بارشوں کی توقع ہے، لاہور، سیالکوٹ، گوجرات، گجرانوالہ سمیت جنوبی پنجاب و دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
اسی طرح 26 سے 28 اگست کے دوران بالائی پختونخوا، ہزارہ ڈویژن، مردان، پشاور، ہنگو و دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے نشیبی علاقوں کا زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے بلوچستان کے مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ تیز بارشوں سے اسلام آباد، راولپنڈی، وسطی پنجاب کے نشیبی علاقوں کو بھی خطرہ بتایا گیا ہے، اسی طرح گلگت بلتستان اور بالائی کے خیبرپختونخوا میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق ہوا کا کم دباؤ مغربی بنگال پر موجود ہے ۔ 25 اگست کو طاقتور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوں گی اور 29 اگست تک کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے ۔
علاوہ ازیں اگلے 3 روز کے دوران شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی جاسکتی ہے ۔
آج حیدرآباد، ٹھٹھ، بدین، میر پورخاص سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے
دوسری جانب مون سون کے نئے سسٹم کے تحت کراچی سمیت پورے سندھ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ نیا سسٹم پورے سندھ کو لپیٹ میں لے گا جس کے سبب 27 اور 28 اگست کو شہر قائد میں تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ شدید بارش کے باعث کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔
اسی حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ مغربی بنگال کے قریب تشکیل پا چکا ہے، یہ سسٹم آنے والے دنوں میں کراچی سمیت مشرقی سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مون سون کا یہ سسٹم 26 اگست کو مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتا ہے جس کے تحت 26 سے 27 اگست کے دوران کراچی سمیت مشرقی سندھ میں بارش کا امکان رہے گا۔