پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربیتی لانچ کا مقصد ٹروپس کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کا جائزہ لینا تھا، اس کا مقصد بہتر درستگی اور بہتر بقا کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا بھی تھا، سائنسدانوں نے اس تاریخی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تربیتی لانچ کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور اسٹریٹجک تنظیموں کے انجینئرز کے سینئر افسران نے کیا، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس کامیابی پر مبارکباد دی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔