Light
Dark

نمرہ خان کو اغوا کرنیکی کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

اداکارہ نمرہ خان کی جانب سے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنے اغوا کی کوشش ناکام کیے جانے کے انکشاف کے بعد اب واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں اداکارہ کے اغوا کی کوشش کو دیکھا جاسکتا ہے جب وہ سڑک کے کنارے اپنی گاڑی کا انتظار کر رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار 11 اگست کی شام 7 بج کر 21 منٹ پر پیش آیا جب نمرہ خان کے قریب ایک موٹر سائیکل آکے رُکی، جس کے بعد اداکارہ سڑک کنارے چلتی نظر آئیں۔

چند منٹوں بعد ایک گاڑی کو سڑک پر رکتے دیکھا گیا کیونکہ اداکارہ نے اس گاڑی کو رُکنے کا اشارہ کیا تھا، جب کہ موٹر سائیکل سوار فوری طور  پر وہاں سے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات میں مزید پیشرفت کرتے ہوئے رپورٹ تیار کرلی ہے۔

واضح رہے کہ نمرہ خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنائی اور اداکارہ نے  اغوا کی کوشش کی دل دہلا دینے والی تفصیل صارفین کو بتائی۔

اداکارہ کے مطابق یہ واقعہ ایک روز قبل پیش آیا جب وہ ڈیفنس کے ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کررہی تھیں، ان کی فیملی انہیں پِک کرنے آرہی تھی کہ گاڑی ٹریفک میں پھنس گئی جس کے بعد بارش شروع ہوگئی اور وہ ہوٹل کے باہر کھڑی انتظار کرنے لگیں۔

نمرہ نے بتایا کہ 3 مسلح افراد آئے اور ان کے قریب گاڑی روکی، اسلحے کے زور پر انہیں زبردستی کھینچ کر گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی گئی۔

نمرہ خان نے کہا کہ اس میں سے ایک شخص نے میرے پیٹ پر بندوق رکھی جس کے بعد میں نے چیخیں مارنا شروع کردیں اور مزاحمت کرکے بھاگی، جس وقت یہ ہورہا تھا اس وقت ہوٹل کے گارڈز سامنے تھے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، میں بھاگی، میری کسی نے مدد نہیں کی، اس وقت کچھ بھی ہو سکتا تھا وہ پیچھے سے مجھے گولی مار سکتے تھے لیکن میں بچ گئی۔