Light
Dark

وزیراعظم نے 50 لاکھ کا اعلان کیا، انعام اب تک نہیں ملا

پاکستان میں ارشد ندیم کے بعد بہترین جیولین تھرور محمد یاسر سلطان نے کہا ہے کہ  وزیراعظم شہباز شریف نے مجھ سے 50 لاکھ روپے کا وعدہ کیا تھا، انعام اب تک نہیں ملا۔

لاہور میں اپنے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایشیا کا برانز اور سِلور میڈلسٹ ہوں۔ 2023 میں ایشین برانز میڈل جیتنے پر وزیراعظم نے مجھے انعام دینے کا اعلان کیا تھا جو اب تک نہیں ملا۔

یاسر سلطان کا کہنا تھا کہ میرے والد روزانہ پوچھتے ہیں، میں کال کرتا ہوں مجھے جواب نہیں ملتا۔ میں چکر لگا لگا کر تھک چکا ہوں، گھر جا کر جیسے ارشد ندیم کو انعام دیا گیا ایسے ہی مجھے ملنا چاہیے۔

پاکستانی ایتھلیٹ نے کہا کہ ہم سے یکساں برتاؤ نہیں کیا جاتا، مجھے باہر جا کر کھیلنے کی آفرز ہیں۔ دبئی اور کئی ممالک سے آفرز ہیں، ٹریننگ کے لیے مجھے باہر جانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ ہمیں عزت دی جائے ہم گھر چلانے کے پیسے نہیں مانگتے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نے جو انعام کا اعلان کیا وہ دیا جائے، سہولیات دی جائیں۔ آج ہمارے لیے دُگنی خوشیوں کا دن ہے، ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، میرا مقصد بھی یہی ہے میں ارشد ندیم کا جونیئر ہوں۔

اس موقع پر یاسر سلطان کے والد نے کہا کہ سال سے زیادہ ہوگیا، اب تک ایک پیسہ حوصلہ افزائی کے لیے نہیں دیا گیا۔ نوکری کا بھی کہا تھا لیکن نہ چیک ملا نہ نوکری، وہ بڑے لوگ ہیں اور ان کی بڑی باتیں ہیں۔