Light
Dark

پشاور میں غیرملکی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے آؤٹ لیٹ پر فائرنگ

پشاور: نامعلوم حملہ آوروں نے اتوار کی رات صوبائی دارالحکومت کے مضافات میں سربند تھانے کی حدود میں رنگ روڈ پر ایک غیر ملکی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے ایک آؤٹ لیٹ پر فائرنگ کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ حملہ آور ریستوراں میں فائرنگ کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے۔

ایس پی کنٹونمنٹ نے بتایا کہ ’دو حملہ آور تھے، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ریستوران کی دیگر شاخیں بھی چند ماہ قبل پشاور کے علاقے تہکال میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے کے دوران ہجوم کے حملے کی زد میں آئیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کوئی منظم گروپ نہیں لگتا کیونکہ وہاں صرف دو حملہ آور تھے، ہم اس وقت یہ نہیں کہہ سکتے کہ آیا یہ عسکریت پسندوں کا حملہ تھا یا نہیں۔

سٹی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ سینئر پولیس حکام نے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ریستوراں کے مینیجر کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے بعد اس واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔