پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے اولمپکس میں تاریخی فتح پر قومی اتھلیٹ ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں گلوکار نے قومی اتھلیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ میں علی زی فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کے لیے ایک ملین کے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ آئیے اپنے ہیروز کی کامیابی کا وہ جشن مناتے ہیں، جس کے وہ مستحق ہیں، علی ظفر نے حکومت پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف سے کہا کہ میں حکومت پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ان کا ہیرو کی طرح استقبال کریں اور ان کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کریں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگر ہمارے اتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو وہ سپورٹ ملنا شروع ہو جائے جس کے وہ مستحق ہیں تو ہم سال میں 10 گولڈ جیت سکتے ہیں۔