Light
Dark

جڑواں شہروں میں تیز بارش سے موسم خوشگوار

راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، موسلادھار بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔

ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جڑاوں شہروں اور گرد و نواح میں صبح سویرے تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس پڑے، بارش کے بعد گرمی کا زور ٹو ٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے، سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ واسا سمیت دیگر اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ نالہ لئی میں مسلسل بارش کے باعث طغیانی کی صورتحال ہے گزشتہ روز ترنول کے برساتی نالے میں ڈوب کر 3 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ راولپنڈی میں بچہ اور بچی سیورج کے نالے کی نذر ہو گئے۔

شیخوپورہ میں تیز برسات کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ قمبرشہداد کوٹ میں سیلابی ریلا مختلف دیہاتوں میں داخل ہوگیا، جس سے متاثرہ خاندان سامان سمیت سڑکوں پر آگئے۔