پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کی بھونڈی کوشش ہے، الیکشن کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں، روک سکتے ہو تو روک لو، الیکشن ترامیم کے خلاف عدالتوں میں جائیں گے اور امید ہے انصاف ہو گا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ الیکشن کسی بھی وقت ہو سکتا ہے حکومت کے پاس پیسہ بھی ہے، حکومت کسی بھی طرح سے پی ٹی آئی کا راستہ نہیں روک سکتی۔
عمر ایوب نے کہا کہ میں کہتا ہوں روک سکتے ہو تو روک لو، یہ لوگ جتنی بھی کوشش کر لیں، کامیاب نہیں ہوں گے، ہماری سیٹیں ہمیں ملیں گی، وہ سیٹیں ہمیں آئین اور قانون دے گا۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ جو ایکٹ پاس کیا گیا ہے وہ مکمل غلط اور منفی ہے، اس ایکٹ کو ہر جگہ چیلنج کریں گے، یہ قانون اور آئین کے بالکل منافی ہے، ہم لوگ الیکشن ترامیم کے خلاف عدالتوں میں جائیں گے، ہمیں امید ہے کہ ہمیں عدالتوں سے ریلیف ملے گا۔