وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، 14 اگست سے چینی شہریوں کے لیے آن لائن ویزہ کی سہولت بھی شروع کی جا رہی ہے۔
لاہور میں چینی قونصل جنرل ژاو شیرین کی سربراہی میں چینی بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں چینی شہریوں اور پراجیکٹس پر کام کرنے والے عملے کی حفاظت کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چینی بزنس مینوں نے سیکیورٹی پلان کے حوالے سے تجاویز دیں، محسن نقوی نے چینی بزنس مینوں کی قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی پلان کے ایس او پیز چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے بنائے ہیں، چینی شہریوں کو کاروبار کے لیے ہر ممکن سہولت دیں گے، 14 اگست سے چینی شہریوں کے لیے ویزا آن لائن ہو جانے سے چینی بزنس مینوں کو پاکستان آنے میں بہت آسانی ہوگی۔
چینی قونصل جنرل ژاو شیرین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات ہیں، امید ہے کہ اس میٹنگ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔3 گھنٹے جاری رہنے والے مشاورتی اجلاس میں وفاق اور پنجاب حکومت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔