Light
Dark

وزیر داخلہ کا 3 جوانوں کی شہادت پر افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 جوانوں کی شہادت پر افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 3 جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ سپاہی اسد اللہ، سپاہی محمد سفیان اور سپاہی زین علی نے شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا، اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، ان کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید ہو گئے، شہادت پانے والے 24 سالہ زین علی کا تعلق بہاولنگر اور 30 سالہ اسد اللہ کا تعلق مٹیاری جبکہ 28 سالہ محمد سفیان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔