کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں آج بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، گزشتہ روز کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم مرطوب ہے، مختلف علاقوں میں آج بھی ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، شمال مغربی سمت سے ہوائیں 8 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
گزشتہ روز مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوا، جس میں شہر کے مختلف علاقوں میں دوپہر سے تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش شروع ہوئی، کراچی میں صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، گلشن اقبال، نیو کراچی، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، ملیر، ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔
شہر قائد میں گزشتہ کچھ دنوں سے شدید گرمی اور حبس کا ماحول ہے، تاہم گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی ہے جس سے حبس ختم اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جب کہ موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اولڈ سٹی ایریا میں 31 ، اورنگی ٹاون میں 30ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
منگل کو ہونے والی بارش کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں، برسات کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، اہم اور مرکزی شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میئر کراچی کا صورتحال کا جائزہ
دوسری جانب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بارش کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
میئر کراچی نے شاہین کمپلیکس، مائی کولاچی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کرکے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے اولڈ سٹی ایریا میں برساتی نالوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
میئر کراچی کو کے ایم سی افسران نے نالوں کی صفائی کے حوالے سے بریفنگ دی، انہوں نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔