امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھندہ بنانے کے لیے مختلف پروجیکٹ شروع کرنا مسلم لیگ (ن) کا وتیرہ ہے۔
لاہور میں اچھرہ لیسکو آفس کے باہر جماعت اسلامی کے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ابھی دھرنے کی تیاری ہے اور حکومتی اعلانات شروع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 12 جولائی کو اسلام آباد میں بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف دھرنا دیں گے، اس سلسلے میں ملک بھر میں احتجاجی کیمپ قائم کردئیے گئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیر اعظم نے 200 یونٹ تک بجلی کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے لیکن ایسے کسی بھی اعلان کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا، ہم اس ظالمانہ ٹیرف کے خلاف ہیں، سیلز ٹیکس سمیت پتا نہیں کون کون سے چارجز بلوں میں ڈالے جارہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اب کہتے ہیں کہ سولر پینل لوگوں کو فراہم کریں گے، یہ مسلم لیگ (ن) کا وتیرہ ہے کہ دھندہ بنانے کے لیے مختلف پروجیکٹ شروع کرتے ہیں، ریلیف دینا ہے تو ویسے دیں۔
صدر مملکت آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف ذرداری کے خاندان کی جو زمینیں ہیں، پتا کریں کہ انہوں نے کتنا ٹیکس دیا، ان کی بڑی بڑی گاڑیاں، پٹرول اور ان کی فری بجلی پاکستان کا متوسط طبقہ ادا کرتا ہے۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو امیر جماعت اسلامی نے کہا تھا کہ بجلی و پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں عظیم الشان دھرنا دیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک گیر ہڑتال پر مشاورت کر رہی ہے، حکومت کو ظالمانہ ٹیکس ختم کرنے پر مجبور کردیں گے۔