معروف فیشن ڈیزائنر و اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں تقریبا تمام شوبز و فیشن شخصیات نے پلاسٹک سرجریز کروا رکھی ہیں۔
ایچ ایس وائے نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کی ان کی ایک مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ شوبز شخصیات کی جانب سے پلاسٹک سرجریز کروانے پر بات کرتے دکھائی دیے۔
فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام پر 20 ہزار فالوورز رکھنے والی لڑکی کے بھی نخرے شروع ہوجاتے ہیں، ان کے پاس مہنگی گاڑیاں، قیمتی تحائف اور چیزیں ہوتی ہیں لیکن پوچھنے پر بتاتی ہیں کہ ان کے پاس مذکورہ چیزیں پتا نہیں کس طرح آئیں۔
حسن شہریار یاسین کے مطابق خوبصورتی اندر سے آتی ہے، میک اپ اور پلاسٹک سرجریز کروانے سے خوبصورتی نہیں آتی۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مہوش حیات حقیقی معنوں میں خوبصورت دکھائی دیتی ہیں جب کہ انہوں نے عائشہ عمر کو خوبرو قرار دیا۔
ایچ ایس وائے نے عائشہ عمر کی خوبصورتی کی تقریفیں کرتے ہوئے ان کی جسامت کو بھی پرفیکٹ قرار دیا۔
فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مرد اداکار دیکھیں تو ہر کوئی ایک جیسا لگتا ہے، ہر کسی کے بال ایک ہی انداز کے ہوتے ہیں، ہر کسی کی داڑھی، گال، جبڑا اور ٹھوڑی ایک ہی جیسی دکھائی دیتی ہے۔
ان کے مطابق تقریبا تمام پاکستانی مرد اداکار چاکلیٹ ہیرو کی طرح نظر آتے ہیں، ہر کسی نے ناک، ٹھوڑی، آئی بروز اور فلرز کروا لیے ہیں۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جو کوئی بھی ترکیہ یا دبئی سے گھوم کر واپس آتا ہے تو تبدیل نظر آتا ہے اور پوچھنے پر بتاتے ہیں کہ ترکیہ اور دبئی گئے تھے، وہاں کا موسم اچھا تھا، اس لیے وہ خوبصورت ہوگئے۔
حسن شہریار یاسین کا کہنا تھا کہ تقریبا ہر پاکستانی شوبز شخصیت نے میک اپ اور پلاسٹک سرجری کروا لی ہے اور ہر کوئی ایک ہی طرح نظر آتا ہے۔
اگرچہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں پلاسٹک سرجریز کو عام قرار دیا، تاہم انہوں نے کسی بھی اداکار یا اداکارہ کا نام نہیں لیا۔
ان سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات مبہم انداز میں بتا چکی ہیں کہ فیشن اور شوبز انڈسٹری میں پلاسٹک سرجریز کروانا معمول کی بات ہے جب کہ متعدد اداکارائیں میک اپ سرجریز کروانے کا اعتراف بھی کر چکی ہیں۔