Light
Dark

امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کی میل بیلٹس پر پابندیوں کی درخواست مسترد کردی

واشنگٹن: امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ڈاک کے ذریعے ڈالے جانے والے ووٹس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے اقدام پر عمل درآمد کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کردی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ امریکی پوسٹل سروس کو ایسے میل بیلٹس روکنے کا اختیار دیا جائے جو نئے مقرر کردہ معیار پر پورا نہ اترتے ہوں، تاہم سپریم کورٹ نے یہ درخواست مسترد کردی۔

سپریم کورٹ نے اپنے مختصر حکم میں قرار دیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے لیے اپنے قانونی مؤقف پر کامیابی حاصل کرنے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔

مجوزہ نئے ضابطے کے تحت ریاستوں کو محکمۂ ڈاک کو ووٹروں کی فہرستیں فراہم کرنا اور پوسٹل ووٹنگ کے لیے محکمۂ ڈاک سے منظور شدہ بیلٹ لفافے استعمال کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

اس اقدام کے تحت محکمۂ ڈاک کو ایسے بیلٹس مسترد کرنے کا اختیار بھی دیا گیا تھا جو مقررہ نئے معیار پر پورا نہ اترتے ہوں یا رجسٹرڈ ووٹرز کی فراہم کردہ فہرست میں شامل افراد سے متعلق نہ ہوں۔

انتخابی حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ مجوزہ پابندیوں سے نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے دوران انتظامی افراتفری پیدا ہونے اور بڑی تعداد میں ووٹرز کے حقِ رائے دہی سے محروم ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔