حکومت نے مہنگائی بڑھنے کی شرح میں کمی کا دعویٰ کیا ہے جب کہ اسی دورانیے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح میں معمولی کمی ہوئی ہے، جس کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 1.02 فیصد رہی۔
ہفتہ وار رپورٹ میں بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق کیلے کی قیمت میں فی درجن 4.35 روپے اضافہ ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے کے دوران ڈیزل فی لیٹر 6.99روپے مہنگا ہوا۔ چینی کی فی کلو قیمت 2.68روپے بڑھ گئی، لہسن کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ ہوا جب کہ نمک، پیٹرول، سگریٹ، کپڑا، خشک دودھ اور جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔