گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے امریکی خاتون کو پیار کا مبینہ جھانسہ دے کر پاکستان بلانے والے لڑکے کو ٹیلنٹڈ کہنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں کامران خان ٹیسوری کراچی کے لڑکے کی محبت میں پاکستان آنے والی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کے معاملے پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں، اس دوران وہ لڑکے کو ٹیلنٹڈ بھی کہتے ہیں۔
کامران خان ٹیسوری ویڈیو میں کہتے ہیں کہ سب لوگ یہی فرمائش کر رہے ہیں کہ امریکی خاتون کو پاکستان بلانے والا لڑکا کہاں ہے، اس کا چہرہ دکھائیں۔
صحافیوں کے سوال پر کامران خان ٹیسوری نے سوال کا جواب دیتےہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ امریکی خاتون کو پاکستانی شہریت دی جائے یا وہ لڑکا دیا جائے؟
ویڈیو میں گورنر سندھ لڑکے کی جانب سے پیار کا مبینہ جھانسہ دے کر امریکی خاتون کو کراچی بلانے کو ٹیلنٹ بھی قرار دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
کامران ٹیسوری مسکراتے ہوئے لڑکے کو داد دیتے دکھائی دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کے پاس کیا ٹیلنٹ ہے، لوگ امریکی پاسپورٹ کے لیے خوار ہوتے ہیں، انہوں نے امریکی خاتون کو پاسپورٹ سمیت یہاں بلا لیا۔