وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کی خبریں زمینی حقائق سے دور ہوتی ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ پہلے پاسپورٹس کا بیک لاگ ختم کرنے اور پاکستان کے 14 شہروں میں کاؤنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ نادرا کے ساتھ مل کر پاسپورٹ دفاتر قائم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نادرا میں کاؤنٹرز بننے سے پاسپورٹ جلدی بنے گا۔ جبکہ ملک میں پاسپورٹس کی ڈیمانڈ بھی زیادہ ہے۔ تاہم پاسپورٹ سینٹرز سے شہریوں کو سہولت میسر ہو گی۔ پاسپورٹ کے اجرا میں کوئی دیر نہیں ہو رہی۔
دورہ امریکہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ دورہ امریکہ کامیاب رہا۔ جس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ امریکہ میں کانگریس اراکین سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی خبریں زمینی حقائق سے دور ہوتی ہیں۔ اور حقیقت میں کچھ چیزیں نظر آنا شروع ہو گئی ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں بہتری جلد نظر آئے گی۔ جبکہ انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔