Light
Dark

ایم پاکس کا دوسرا کیس سامنے آگیا

صوبے خیبرپختونخوا میں رواں برس ایم پاکس کا دوسرا کیس سامنے آگیا، قطر سے پشاور ایئرپورٹ پر آنے والی 5 ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مشیر احتشام علی نے تصدیق کی کہ پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد 2022 سے اب تک صوبے میں ایم پاکس کے کیسز کی تعداد 11 ہو چکی۔

مشیر صحت نے کیس کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب نے 5 ماہ کے بچی میں ایم پاکس وائرس کی تصدیق کی ہے، جو حال ہی میں قطر سے اپنے والدین کے ساتھ پشاور ایئرپورٹ پر پاکستان پہنچی تھی۔

محکمہ صحت نے کیس کی تصدیق کے بعد متاثرہ بچی کے والدین کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ان کی اسکریننگ شروع کی۔