اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا آج کی کمپلینٹ ایک پرائیویٹ کمپلینٹ ہے، اس کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے، ہم نے اپنے 12 شہدا اور 49 زخمیوں کا ذکر کیا تھا، زخمیوں میں سے مزید 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ان کا ڈیٹا بھی عدالت میں جمع کرانا ہے، اس کے بعد اس کمپلینٹ پر مزید کارروائی ہو گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کل حکومت سے ہمارے مذاکرات کا تیسرا سیشن ہو گا، ہم اپنے مطالبات تحریری طور پر جمع کرائیں گے، حکومت اگر نیک نیتی اورسنجیدگی کے ساتھ بیٹھےتو مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا جمہوریت اور سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہےکہ سیاسی قیدیوں کورہائی ملے اور ریلیف ملے، امید ہے کہ مذاکرات کا عمل جلد مکمل ہوگا اور کوئی خوشخبری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جتنے کیسز بنا سکتے تھے بنا دیےگئے وہ سیاسی قیدی ہیں ان کو رہائی ملنی چاہیے۔