Light
Dark

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے  پنجاب میں کینسر کے علاج کی جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کروانے کیلئے چینی کمپنی کیساتھ معاہدہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ چین کے موقع پر  چینی کمپنی ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجیز کے ساتھ کینسر کے جدید طریقہ علاج Hygea اور اس کی مشینری کو پنجاب لانے کیلئے ایم او یو پر دستخط کیے گئے، مشینری آنے سے سرجری اور کیمو تھراپی کے بغیر کینسر کا علاج ممکن ہو سکے گا۔

ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجیز کے صدر ڈاکٹر لوفولیانگ سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہائی جیامیڈیکل ٹیکنالوجی کے حکام نے نواز شریف کینسر اسپتال کیلئے پروفیشنل معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے بعد نواز شریف کینسر  اسپتال میں چین کے تعاون سے جدید مشینری اور طریقہ علاج سے کینسر کے مریضوں کا علاج ہوگا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اے آئی فورس ٹیک کے بانی سی ای او اور چینی کمپنی کے چیئرمین زی ہونگ شنگ سے بھی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں فضائی آلودگی کی روک تھام پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر  محکمہ زراعت پنجاب اور چینی کمپنی اے آئی فورس ٹیک کے درمیان ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے،  چینی کمپنی پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات کا مینو فیکچرنگ پلانٹ لگائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شی جی تان اسپتال اوربیجنگ میں میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا بھی دورہ کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں اورنج لائن، میٹرو بس پاک چین دوستی کا ثبوت ہے۔ لاہور، ملتان، اسلام آباد اور  راولپنڈی میں میٹرو بس سسٹم کیلئے تعاون ناقابل فراموش ہے، لاہور اور دیگر شہروں میں میٹرو ٹرین نیٹ ورک بڑھائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *