Light
Dark

امریکی شہر نیویارک میں انشورنس کمپنی “یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر” کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق برائن تھامپسن ایک کانفرنس میں شرکت کیلئے آ رہے تھے، جب انہیں ٹارگٹ کلر نے نشانہ بنایا اور فرار ہوگیا۔

امریکی پولیس کے مطابق یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے سی ای او برائن تھامپسن کو گولیوں کا نشانہ بنانے والا ٹارگٹ کلر ہلٹن مڈ ٹاؤن میں پہلے سے ہی ان کا انتظار کر رہا تھا، جہاں ایک مقامی ہوٹل میں برائن اپنی کمپنی کی سالانہ انویسٹر کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق جیسے ہی برائن تھامپسن ہوٹل کی عمارت کے قریب پہنچے تو ایک گہرے رنگ کی ہوڈی اور گرے رنگ کا بیگ پہنے نوجوان نے چند فٹ کے فاصلے سے ان پر پیچھے سے گولیاں چلا دیں۔

پولیس کے مطابق برائن تھامپسن خود پر گولیاں چلانے والے کی طرف پلٹنے سے پہلے ہی زمین پر گرگئے جس کے بعد ٹارگٹ کلر اطمینان سے چلتا ہوا ان کے قریب پہنچا اور دوبارہ ان پر گولیاں چلا دیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کے ٹارگٹ کلر موقعے سے فرار ہوگیا، جسے تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا تاہم قاتل کی تلاش جاری ہے۔