پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور اور وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر چکا، یہ نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی کی صلح صفائی ہو۔
اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے سوال کیا کہ بشریٰ بی بی تو غیرسیاسی تھیں، وہ سیاسی جلوس کی قیادت کیسے کر رہی ہی؟ اگر بشریٰ بی بی نے ہی قیادت کرنی ہے تو موروثی سیاست کیخلاف نعرے کا کیا ہوا؟
دوسری جانب ن لیگی رہنما طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی فائنل کال میں صرف چند سولوگ نکال پائی، حکومتی حکمت عملی کامیاب رہی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بلوچستان سندھ سے لوگ نہیں نکلے، ان کے اپنے لوگ بھی متفق نہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ سزا یافتہ آدمی کو چھڑوانے کیلئے بغاوت کی جا رہی ہے، تحریک انصاف کو سیاسی رویہ اختیار کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا پشاور سے نکلنے والا قافلہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں غازی بروتھا پہنچ گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد کے راستے بند کر دیے ہیں اور دارالحکومت کو جانے والے زيادہ تر راستوں پر کنٹیرز کھڑے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں سے اب تک 490 کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 100 لاپتہ ہیں۔