Light
Dark

کراچی میں 4 روز کیلئے شارع فیصل اور کارساز کے اطراف تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے دفاعی نمائش آئیڈیاز کے پیش نظر کراچی مخصوص علاقوں کے تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں 4 روز کے لیے شارع فیصل اور کارساز کے اطراف تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

سندھ کے محکمہ تعلیم نے 19 سے 22 نومبر تک حبیب ابراہیم روڈ پر واقع تعلیمی اداروں میں بھی تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق کراچی میں شارع فیصل اور حبیب ابراہیم روڈ پر واقع تعلیمی ادارے 19 تا 22 نومبر بند رہیں گے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ آئیڈیاز نمائش کے دوران ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیےکیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ڈی آئی جی ٹریفک نے کراچی میں بین الاقوامی نمائش کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر کمشنر کراچی کو 19 سے 22 نومبر تک شارع فیصل اور کارساز کے اطراف واقع تمام اسکول بند رکھنے کے لیے خط لکھا تھا۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں شارع فیصل اور کارساز کے اطراف تمام اسکولز 4 روز تک بند رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔

خط میں کہا گیا تھا کہ اسکول کھلنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، لہٰذا شارع فیصل اور کارساز کے اطراف 19 سے 22 نومبر تک اسکول بند رکھے جائیں۔