Light
Dark

شیخ رشید صدر زرداری کے قتل کی سازش کے کیس سے بری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف قتل کی سازش کرنے کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بری کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود نےشیخ رشید کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

شیخ رشید احمد کا کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا آج اللہ تعالیٰ کی مدد سے بری ہوا ہوں، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں، ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے، میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا، مگر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے، مچھ، لسبیلہ، مری میں کیس ہوا جو جگہ میں نے دیکھی ہی نہیں۔

یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 2023 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، شیخ رشید کے خلاف سازش، عوام کو اکسانے کی دفعات مقدمہ میں لگائی گئی تھیں۔

گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔