امریکا میں اس وقت صدارتی انتخابات کی گہما گہمی ہے تو دوسری جانب پولنگ کے دوران محکمہ موسمیات نے شدید طوفان کی پیش گوئی کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست لوزیانا کے مختلف علاقوں میں تباہ کن ہواؤں اور طوفان کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، حکام نے طوفان کے پیش نظر لیول ٹو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
نیشنل ویدر سروس کے مطابق ملک کے وسطی علاقوں میں شدید سردی کی لہر متوقع ہے جس کے بعد شدید طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارشوں کا امکان ہے، مذکورہ طوفان سے مشی گن، وسکونسن اور دیگر ریاستیں بھی متاثر ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ طوفان مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے جس سے خاص طور پر ٹیکساس، لوزیانا، جنوب مشرقی آرکنساس اور مغربی میسیسیپی کے کچھ علاقوں میں شدید طوفان اور برفباری کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اور ریپبلیکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔
سی این این کے مطابق کچھ ریاستوں میں مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے پولنگ کا آغاز ہوا جبکہ بعض ریاستوں میں پولنگ اسٹینشز صبح آٹھ بجے کُھلے۔
صدر کے عہدے کے لیے مدمقابل امیدوار کو کم سے کم 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ قومی سطح پر کُل 538 الیکٹورل ووٹس یا الیکٹرز ہوتے ہیں جبکہ امیدوار کو جیتنے کے لیے 270 ووٹ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔